ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں ایک غیرملکی شہری کو گرفتار کرلیاہے،جو ایک مساج سینٹر کے اندر غیراخلاقی حرکات میں ملوث ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ ریجن پولیس نےکمیونٹی سیکیورٹی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کیا ہے جو ایک مساج سینٹر میں عوامی اخلاقیات کے منافی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ سعودی حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے،مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ مدینہ ریجن میونسپلٹی نے ضوابط کی خلاف ورزیوں پر مذکورہ سینٹر کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں مقیم دو غیرملکی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے،جو منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق مکہ ریجن میں جنرل ایڈمنسٹریشن آف دی مجاہدین کے گشتی دستوں نے غیرملکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جو سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ ان افراد پر چرس، ایمفیٹامائنز اور ایسی ادویات کی فروخت اور پھیلاؤ کا الزام ہے جن کی تقسیم طبی ضوابط کے تحت ممنوع ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مزید ضروری کارروائی کے لیے انہیں متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ منشیات میں ملوث افراد کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ سعودی سرزمین کو منشیات سے پاک کرنا سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے۔