چین نے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان جوہری تنصیبات کے باہمی دوروں پر بات چیت سے متعلق اطلاعات کی تردید کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان جوہری تنصیبات کے باہمی دوروں پر بات چیت سے متعلق رپورٹ درست نہیں ہے۔
چین کی جانب سے یہ تردید امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ چین اور امریکا نے جوہری تنصیبات کے ممکنہ باہمی دوروں پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔