ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر 2026ء) سعودی حکام نے قصیم کے علاقے میں پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے ،جن پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول کی نگرانی میں سیکیورٹی فورسز نے منشیات کی لعنت سے نمٹنے اور معاشرے کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں مملکت کے مختلف خطوں میں غیر قانونی اور کنٹرول شدہ اشیاء کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیاگیا ہے ۔ محکمہ انسداد منشیات کے مطابق ناردرن بارڈرز ریجن میں، ڈائریکٹوریٹ نے ایک شہری کو نشہ آور مادہ ایمفیٹامائن کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا، اور اس کے قبضے سے 1,956 ایمفیٹامین گولیاں ضبط کی گئیں۔ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اور پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کرنے سے پہلے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ انسداد منشیات کی نگرانی میں سیکورٹی فورسز نے القصیم کے علاقے میں چرس اور ممنوعہ گولیوں کی خرید و فروخت میں ملوث چارافراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کاعمل شروع کیا ہے ۔ ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا ۔سعودی حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ کارروائیاں منشیات کے خلاف جاری ان سخت سیکیورٹی اقدامات کا حصہ ہیں جن کا مقصد منشیات کی ترسیل اور اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنا اور قوم و شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اس جدوجہد میں سیکورٹی فورسز کا ساتھ دیں ، منشیات اسمگلرز کے خلاف اطلااع فورا متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی کی جاسکے ۔ حکام کا کہنا تھا کہ سعودی سرزمیں کو منشیات سے پاک کرنا سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔