دبئی پولیس کا کریک ڈاؤن؛ 11.8 ملین درہم کے فون فراڈ میں 2 ملزمان گرفتار
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر 2026ء) دبئی پولیس کے انسدادِ فراڈ سینٹر نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی فون کالز کے ذریعے شہریوں سے 11.8 ملین درہم تقریباً تقریباً 90 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بٹورنے والے د

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر 2026ء) دبئی پولیس کے انسدادِ فراڈ سینٹر نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی فون کالز کے ذریعے شہریوں سے 11.8 ملین درہم تقریباً تقریباً 90 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بٹورنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق ملزمان سرکاری اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بن کر شہریوں کو فون کرتے تھے اور انہیں بیرون ملک ان کے نام پر درج جعلی مقدمات اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے تھے، متاثرہ افراد کو یہ یقین دلایا جاتا تھا کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس سے رقم بیرون ملک اکاؤنٹس میں منتقل کریں تاکہ رقوم کی تصدیق کی جا سکے اور عمل مکمل ہونے کے بعد پیسے واپس کر دیئے جائیں گے۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دھوکہ دہی کا یہ پورا مکروہ کھیل مجموعی طور پر ایک کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار 532 درہم کے مالی نقصان کا باعث بنا، ہندسوں کے ہیر پھیر اور خوف کی فضاء قائم کرنے کے لیے ملزمان نے بعض متاثرین کو یہاں تک قائل کیا کہ وہ تصدیقی عمل کو پورا کرنے کے لیے اپنے سونے کے زیورات فروخت کرکے رقوم منتقل کریں، اس کے علاوہ ملزمان متاثرین کو ہوٹل کے کمرے بک کرکے الگ تھلگ رہنے کی ہدایت کرتے تاکہ وہ خاندان اور دوستوں کے رابطے میں نہ رہ سکیں اور ان پر نفسیاتی دباؤ برقرار رکھا جا سکے۔ بتایا گیا ہے کہ شکایات ملنے پر دبئی پولیس کے انسدادِ فراڈ سینٹر نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی، جس نے رقوم کی منتقلی اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا، دورانِ تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہیں بیرون ملک سے سوشل میڈیا کے ذریعے بھرتی کیا گیا تھا اور وہ ایک مخصوص ایپ کے ذریعے متاثرین کا ڈیٹا اور ہدایات حاصل کرتے تھے، جس کے بدلے انہیں کمیشن دیا جاتا، پولیس نے ملزمان کے موبائل فونز سے متاثرین کا ڈیٹا اور شواہد بھی برآمد کرلیے۔ دبئی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری اداروں یا بینکوں کے نام پر آنے والی مشکوک کالز اور پیغامات سے ہوشیار رہیں، کسی بھی دباؤ میں آ کر اپنی بینک ڈیٹیلز یا رقوم منتقل نہ کریں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ای کرائم پلیٹ فارم یا 901 سروس پر فوری دیں۔



