ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کی معروف بگ ٹکٹ قرعہ اندازی میں ایک پاکستانی شہری شوکت آفتاب نے 1 کروڑ 50 لاکھ درہم (تقریباً 1 ارب 13 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کا عظیم الشان گرینڈ پرائز جیتا تو جب انہیں اس بارے میں علم ہوا تو ان کے معصومانہ اور دلچسپ ردعمل سے میزبان بھی خوب لطف اندوز ہوئے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق جب بگ ٹکٹ کے میزبان رچرڈ اور ان کی ساتھی خاتون میزبان نے شوکت آفتاب کو کال کی تو ان کا پہلا ردِعمل انتہائی پرسکون اور حیرت میں ڈوبا ہوا تھا، رچرڈ نے جب پوچھا کہ ’کیا آپ شوکت آفتاب ہیں؟‘ تو انہوں نے بڑے تذبذب کے ساتھ ’یس‘ کہا، اس کے بعد جب میزبانوں نے انہیں بتایا کہ وہ 1 کروڑ 50 لاکھ درہم کے فاتح بن چکے ہیں، تو چند سیکنڈ کی خاموشی کے بعد شوکت آفتاب کے منہ سے بے ساختہ صرف یہ نکلا "اوہ..."۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زندگی بدل دینے والی اس خبر کو ہضم کرنے میں کچھ لمحے لگنے کے بعد شوکت آفتاب نے جذبات پر قابو پاتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’تھینک یو ویری مچ، تھینک یو، تھینک یو، لو یو... میں بہت زیادہ شکر گزار اور خوش ہوں‘۔ شو کے میزبانوں نے انہیں بتایا کہ وہ بگ ٹکٹ کے یوٹیوب چینل پر لائیو سکرین پر انہیں دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی انہیں 3 اکتوبر کو ابوظہبی میں ہونے والے شو میں ذاتی طور پر شرکت کی دعوت بھی دی، تاہم ایک چھوٹے سے فون کال سے شروع ہونے والا یہ لمحہ شوکت آفتاب کی پوری زندگی بدل گیا اور وہ کروڑ پتی بن گئے۔