ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر2026ء) سعودی عرب کے علاقے عسیر میں حوثی میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک ایشائی باشندہ زخمی جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ سعودی سول ڈیفنس کے سرکاری ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کی رات عسیر ریجن کے علاقے احد رفیدہ میں سول ڈیفنس کی ٹیموں نے اس وقت کارروائی کی جب دہشت گرد حوثی ملیشیا کے داغے گئے ایک میزائل کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کے ٹکڑے زمین پر گرے۔ اس واقعے کے نتیجے میں ایک ایشیائی رہائشی زخمی ہوا، جبکہ ایک عمارت کے اندر موجود نماز کے کمرے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔سول ڈیفینس کے مطابق زخمی کو طبی امداد کے فورا ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ،جبکہ عمارت کے اندر ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ۔ سعودی حکام نے بتایا کہ جمعہ کے حوثیوں نے نجران کے علاقے میں بھی ایک سرکاری سکول کو نشانہ بنایا ،جس کے نتیجے میں مادی نقصان ہوا ،لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اتحاری فورسز کے سرکاری ترجمان نے واضح کیا تھا کہ جمعہ کی رات خمیس مشیط کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کردیا گیا تھا ،جبکہ اسی دن ہی چار مزید ڈرونز کو بھی روک کر تباہ کیا گیا تھا ۔ جمعرات کے روز ،سعودی سرکاری ترجمان نے اعلان کیاتھا کہ اتحادی فورسز حوثی ملیشیا کو باز رکھنے کے لیے آپریشنل اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سعودی حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے اپنی تمام تر کوششوں کو بروکار لائے گی ۔ انہوں نے جمعرات ہی کو خمیس مشیط شہر کے اوپر چار ڈرونز کو فضا میں روک کر تباہ کرنے کا بھی اعلان کیاتھا۔ اس سے قبل خمیس مشیط اور جازان شہروں کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو بھی فضا میں روک کر تباہ کیا گیا تھا۔