دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل نے فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 کے کاک پٹ میں پیش آنے والے واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ طیارے کے معاون پائلٹ نے دورانِ پرواز ایک دہشت گردانہ کارروائی کرنے کی کوشش کی تھی۔ خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل کونسلر ڈاکٹر حمد سیف الشمسی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کو پائلٹ نے پرواز کے دوران کاک پٹ کے اندر پائلٹ پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول زبردستی اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی۔ اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات، اس کے پیچھے کسی ممکنہ سازش یا نیٹ ورک کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش کا عمل انتہائی تیزی سے جاری ہے، حکام کی جانب سے تکنیکی معائنے، ڈیجیٹل اور جسمانی شواہد کا باریک بینی سے تجزیہ کیا جا رہا ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد تحقیقات کے حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ انکشافات اس بیان کے دو دن بعد سامنے آئے ہیں جب یو اے ای کے حکام نے پہلی بار اس بات کی جانچ پڑتال کا اعلان کیا تھا کہ آیا یہ واقعہ کسی دہشت گرد سرگرمی، پہلے سے طے شدہ منصوبے یا کسی بیرونی ہدایت کا نتیجہ تو نہیں تھا۔