شارجہ میں قتل کی لرزہ خیز واردات
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ شہری کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں لاپتہ شخص کی لاش گاڑی سے 9 ٹکڑوں میں

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ شہری کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں لاپتہ شخص کی لاش گاڑی سے 9 ٹکڑوں میں برآمد ہوئی، اس کی بیوی اور بیٹا بھی پراسرار طور پر لاپتہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع اڑوپی سے تعلق رکھنے والا 38 سالہ الون پرکاش کنڈر گزشتہ 14 برس سے شارجہ میں مقیم اور ایک نجی کمپنی میں ملازمت کر رہا تھا، مقتول کے بھائی انیل پرشانت کے مطابق جولائی کے وسط میں الون سے آخری بار رابطہ ہوا تھا، جس کے بعد اس کے فون سے ایک غیرمعمولی میسج آیا کہ وہ ٹھیک ہے لیکن بعد میں اس نے فون اٹھانا بند کردیا، تشویش میں مبتلا اہلخانہ نے جب کمپنی اور شارجہ پولیس سے رجوع کیا تو تحقیقات کے دوران عمان کی جانب جانے والی ایک ویران شاہراہ پر کھڑی گاڑی سے دو بیگ برآمد ہوئے، جن میں الون کی لاش کے 9 ٹکڑے موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سنسنی خیز معاملے میں مزید معمہ اس وقت کھڑا ہوا جب الون کی اہلیہ ٹینا کنڈر جو شارجہ کے ایک اسکول میں بطور ٹیچر ملازمت کرتی ہیں اور ان کا دسویں کلاس میں پڑھنے والا بیٹا بھی غائب پائے گئے، عمارت کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو نامعلوم مردوں اور ایک عورت کو عمارت سے پراسرار حالت میں نکلتے دیکھا گیا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ٹینا اور اس کا بیٹا کہاں ہیں یا آیا وہ اس قتل کا شکار ہوئے ہیں یا روپوش ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے بھائی نے بھارتی ریاست کرناٹک کے ایس پی اڑوپی سے ملاقات کرکے متحدہ عرب امارات اور بھارتی حکام سے اس لرزہ خیز قتل کی مشترکہ تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے، واقعہ کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی بھارت اور شارجہ میں مقیم ایشیائی کمیونٹی خاص طور پر بھارتی شہریوں میں شدید تشویش اور سنسنی پھیل گئی جبکہ اماراتی پولیس اور انٹیلی جنس ادارے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔



