دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر 2026ء) دبئی کے بانی اور سابق حکمران شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کے سب سے چھوٹے صاحبزادے، یو اے ای کے نائب صدر و وزیراعظم اور حکمرانِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے بھائی شیخ احمد بن راشد آل مکتوم انتقال کرگئے، ان کی وفات پر دبئی میں سرکاری طور پر 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے دوران تمام سرکاری و قومی عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہیں گے۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق شیخ احمد بن راشد آل مکتوم کی رحلت پر نائب صدر و حکمرانِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے بھائی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک انتہائی غمزدہ اور جذباتی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، علاوہ ازیں دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی اپنے چچا کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ شیخ احمد بن راشد آل مکتوم دبئی پولیس اینڈ پبلک سیکیورٹی کے ڈپٹی چیف اور الوصل اسپورٹس کلب کے چیئرمین کے عہدے پر فائز تھے، برطانیہ کی نامور رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ سے گریجویشن کے بعد انہوں نے دبئی کے سنٹرل ملٹری ریجن میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں اس کے کمانڈر بنے۔