یوکرین کا روس پر ایک ہزار سے زائد ڈرونز سے بڑا حملہ، سینکڑوں ڈرونز نے ماسکو کو نشانہ بنایا
ماسکو (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر 2026ء) یوکرین نے روس پر ایک ہزار سے زائد ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے، جن میں سینکڑوں ڈرونز روسی دارالحکومت ماسکو کی جانب بھی بھیجے گئے، روسی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے

ماسکو (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر 2026ء) یوکرین نے روس پر ایک ہزار سے زائد ڈرونز سے بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے، جن میں سینکڑوں ڈرونز روسی دارالحکومت ماسکو کی جانب بھی بھیجے گئے، روسی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں ماسکو ریجن میں 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روس، مقبوضہ کریمیا اور بحیرہ اسود کے اوپر مجموعی طور پر 1,110 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے اسے روسی دارالحکومت پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 450 ڈرونز ماسکو کی جانب بڑھ رہے تھے جنہیں تباہ کردیا گیا۔ حملے کے دوران ماسکو کی ایک آئل ریفائنری اور رہائشی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ ماسکو ریجن کے گورنر آندرے ووروبیوف کے مطابق حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں ایک 74 سالہ شخص اور 44 سالہ خاتون شامل ہیں۔ زیلنسکی نے حملوں کی تصدیق کردی یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں روس کے خلاف کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملوں میں مختلف اقسام کے میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے، جن میں یوکرین میں تیار کیے گئے فلیمنگو اور پیلیکن میزائل بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق کارروائی میں روس کی تیل اور لاجسٹکس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ زیلنسکی نے کہا کہ ان تنصیبات سے حاصل ہونے والی اربوں ڈالر کی آمدن روس کی جنگی مشین کو چلانے میں مدد دیتی ہے، اس لیے یوکرین روس پر معاشی دباؤ بڑھانے کیلئے ایسے اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے۔ روسی انتخابات کے آخری روز بڑا حملہ یوکرین کی جانب سے یہ بڑا حملہ ایسے وقت کیا گیا جب روس میں پارلیمانی انتخابات کا تیسرا اور آخری روز تھا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے الزام عائد کیا کہ غیر معمولی ڈرون حملے کا مقصد انتخابات میں خلل ڈالنا تھا، تاہم ان کے بقول یوکرین اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ روس نے ان چار یوکرینی علاقوں میں بھی ووٹنگ کرائی جنہیں ماسکو نے جنگ شروع ہونے کے بعد روس میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ان پر روس کا مکمل کنٹرول نہیں ہے۔ کریمیا میں بھی ووٹنگ ہوئی، جسے روس نے 2014ء میں اپنے ساتھ شامل کرلیا تھا۔ یوکرین روس کے ان اقدامات اور مذکورہ علاقوں میں انتخابات کو غیرقانونی قرار دیتا ہے۔ روسی حملوں میں یوکرین میں بھی جانی نقصان دوسری جانب روس کی جانب سے یوکرین پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرون حملے نے خیرسون کے علاقے میں ایک خانقاہ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک مذہبی شخصیت ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق کیف پر روسی حملے میں 2 بچوں اور ان کی والدہ کی جان بھی گئی، جبکہ اسی حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور بچہ بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ روس اور یوکرین کے درمیان ڈرون جنگ میں شدت روس اور یوکرین کے درمیان طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز اور میزائلوں کے حملوں میں حالیہ عرصے کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یوکرین نے گزشتہ چند برسوں میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے مقامی ساختہ ڈرونز تیار کیے ہیں، جنہیں روس کے اندر تیل کی تنصیبات، لاجسٹکس مراکز اور دیگر اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب روس بھی یوکرین کے شہروں اور بنیادی ڈھانچے پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان تقریباً 1,250 کلومیٹر طویل محاذ پر زمینی لڑائی کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان طویل فاصلے کے فضائی حملوں کا سلسلہ بھی شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔



