سعودی عرب چین کے زیرِ قیادت ڈالر کے متبادل ڈیجیٹل کرنسی منصوبے سے الگ ہوگیا
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر 2026ء) سعودی عرب نے چین کے زیرِ قیادت بین الاقوامی ڈیجیٹل کرنسی منصوبے ایم برج (mBridge) سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان مالیاتی لین دین کے لیے امریکی

ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر 2026ء) سعودی عرب نے چین کے زیرِ قیادت بین الاقوامی ڈیجیٹل کرنسی منصوبے ایم برج (mBridge) سے علیحدگی اختیار کرلی ہے، جس کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان مالیاتی لین دین کے لیے امریکی ڈالر پر انحصار کم کرتے ہوئے ایک متبادل ادائیگی نظام تیار کرنا ہے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مرکزی بینک ساما (SAMA) نے تصدیق کی ہے کہ شرکت پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق تھی اور 13 مئی 2025 کو ایم برج کے آزمائشی مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد وہ اس منصوبے کا باقاعدہ شریک نہیں رہا، وہ گزشتہ سال اس منصوبے سے الگ ہوگیا تھا، تاہم اس فیصلے کو اس سے قبل عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ایم برج منصوبہ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں کو اپنی ڈیجیٹل کرنسیوں میں براہِ راست لین دین کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، اس نظام سے بین الاقوامی ادائیگیوں میں وقت اور اخراجات کم ہونے کے ساتھ امریکی ڈالر کو درمیانی کرنسی کے طور پر استعمال کرنے کی ضرورت بھی کم ہوسکتی ہے، سعودی عرب نے 2023ء میں بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس (BIS) کے تحت اس منصوبے میں بطور مبصر شمولیت اختیار کی تھی، 2024 میں چین، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اس کی تیاری میں فعال کردار ادا کیا۔ فنانشل ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ ایم برج منصوبہ امریکہ میں تنازعہ کا باعث بھی رہا ہے جہاں خدشات ظاہر کیے گئے ہیں کہ اس نظام کو امریکی ڈالر کی بالادستی والے روایتی بین الاقوامی ادائیگی نظام سوئفٹ (SWIFT) کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، سعودی عرب کی علیحدگی پر امریکی دباؤ سے متعلق سوال کے جواب میں معاملے سے واقف ایک شخص نے کہا کہ سعودی عرب کی شرکت ابتدا ہی سے محدود تھی، اس لیے اس فیصلے سے کوئی وسیع تر نتیجہ اخذ کرنا درست نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس بھی اکتوبر 2024 میں اس منصوبے سے الگ ہوگیا تھا، فنانشل ٹائمز اس سے قبل رپورٹ کرچکا ہے کہ واشنگٹن نے اس ادارے پر منصوبے سے علیحدگی کے لیے دباؤ ڈالا تھا، تاہم ادارے کے اس وقت کے سربراہ آگسٹن کارسٹنز نے کہا تھا کہ منصوبے سے علیحدگی کی وجہ نہ اس کی ناکامی تھی اور نہ ہی سیاسی عوامل، بلکہ اسے مرکزی بینکوں کے حوالے کردیا گیا تھا۔ رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل برکس ممالک کو خبردار کرچکے ہیں کہ اگر وہ امریکی ڈالر کے متبادل کی کوششیں کرتے ہیں تو ان پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جاسکتا ہے، کارنیل یونیورسٹی کے پروفیسر اور بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے سینئر فیلو ایشور پرساد کے مطابق امریکہ کے متعدد اتحادی ممالک ایسے منصوبوں کو اپنی معیشتوں کے لیے فائدہ مند سمجھتے ہیں، تاہم وہ امریکی مخالفت اور عالمی مالیاتی نظام میں چینی کرنسی کے بڑھتے ہوئے کردار کے حوالے سے بھی حساس ہیں۔ رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ مکاؤ کی مالیاتی اتھارٹی رواں سال اس منصوبے میں شامل ہوئی اور جون میں اس نظام کا آغاز کیا، جبکہ چین، متحدہ عرب امارات، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے متعلقہ مرکزی بینکوں نے سعودی عرب کی علیحدگی پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا، دوسری جانب معاملے سے واقف ایک شخص نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ سعودی مرکزی بینک اس منصوبے میں عوامی سطح پر مزید شامل نہیں رہنا چاہتا، تاہم اس کی محدود اور غیر اعلانیہ سطح پر رابطہ کاری جاری ہے۔



