لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 ستمبر 2026ء ) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے SENA ممالک (آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ) میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے کا محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں کی دوسری اننگز میں 76 رنز سکور کرنے کے ساتھ بابر اعظم اب SENA ممالک میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ سابق کپتان جاوید میانداد SENA ممالک میں 161 اننگز میں 6140 رنز کے ساتھ اس لسٹ میں پہلے ، انضمام الحق 192 اننگز میں 5691 رنز بنا کر دوسرے ، بابر اعظم 139 اننگز میں 5219 رنز کے ساتھ تیسرے جب کہ محمد یوسف 142 اننگز میں 5206 رنز کے ساتھ اس لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں 2000 رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی کپتان بھی بن گئے ہیں۔ مصباح الحق 51.39 کی اوسط سے 4214 رنز کے ساتھ اس فہرست میں پہلے، لیجنڈری آل رائونڈر اور ورلڈ کپ 1992ء کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان 52.34 کی اوسط سے 2408 رنز سکور کرکے اس لسٹ میں دوسرے، انضمام الحق 52.10 کی اوسط سے 2397 رنز بنا کر تیسرے ، جاوید میانداد 50.08 کی اوسط سے 2354 رنز کے ساتھ چوتھے جب کہ بابر اعظم اب تک 50.42 کی اوسط سے 2017 رنز سکور کرکے اس لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔