خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام اسکول سطح پر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا ضلع خانیوال میں آغاز کر دیا گیا۔ پروگرام کے تحت ضلع کے 7 اسکولوں کے طلباء کو ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے منتخب کیا گیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے ڈی سی آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران منتخب طلباء میں کرکٹ کٹس تقسیم کیں۔ ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کہا کہ اسکول سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور انہیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تقریب میں محکمہ اسپورٹس، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر حنا ارشد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں وائلڈ لائف پارک کی سہولیات کی بحالی، میاں چنوں میں اسپورٹس سہولیات کی بہتری اور دیگر مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے مجوزہ منصوبوں کے پلان بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کے لیے جامع پلان تشکیل دینے اور انہیں حتمی شکل دے کر جلد عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی ۔\378