لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2026ء) پاکستان انڈر19 ٹیم کا دورہ انگلینڈ مکمل ہوگیا۔ ہیڈ کوچ شاہد انور اور کپتان فرحان یوسف نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم تجربہ ثابت ہوا،جہاں مشکل انگلش حالات میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔شاہد انور نے کہا کہ چار روزہ میچ میں کھلاڑیوں کی فائٹنگ سپرٹ مثبت پہلو رہی،جبکہ ون ڈے سیریز میں ٹیم نے زبردست کم بیک کیا۔ کھلاڑیوں کا ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا حوصلہ افزا رہا اور ٹیم کی توجہ پارٹنرشپس بنانے پر مرکوز رہی۔کھلاڑیوں کو مثبت کرکٹ کھیلنے کا پیغام دیا گیا اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔دورے کے تمام اہداف حاصل ہوئے۔ کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ انگلینڈ کے حالات مختلف اور چیلنجنگ تھے،تاہم کھلاڑیوں نے خود کو حالات کے مطابق اچھی طرح ڈھالا۔ چار روزہ کرکٹ کا پہلا تجربہ مثبت رہا،عبدالقادر سمیت کئی کھلاڑیوں نے متاثر کیا جبکہ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے درمیان ہم آہنگی بھی اہم رہی۔دورے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انگلینڈ کا تجربہ مستقبل کے ٹورنامنٹس میں مفید ثابت ہوگا ۔پاکستان انڈر19 نے دورہ انگلینڈ کے دوران ایک چار روزہ اور چار ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی ۔پاکستان نے ون ڈے سیریز1-3 سے اپنے نام کی جبکہ چار روزہ میچ میں اسے10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔