دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2026ء ) انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کے باوجود آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی کرنے والے پاکستانی بلے بازوں میں کپتان بابر اعظم شامل ہیں جبکہ بولرز کی رینکنگ میں تنزلی دیکھی گئی۔ بابر اعظم 684 پوائنٹس کے ساتھ دو درجے ترقی کر کے 15ویں سے 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں، مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے بھی دو درجے ترقی کی اور 674 پوائنٹس کے ساتھ 18ویں سے 16ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 593 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد 33ویں سے 34ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ سابق ٹیسٹ کپتان شان مسعود 586 پوائنٹس کے ساتھ چار درجے ترقی کر کے 41ویں سے 37ویں نمبر پر آ گئے۔ سلمان علی آغا 559 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد 44ویں نمبر پر آ گئے جبکہ عبداللہ شفیق 11 درجے تنزلی کے بعد 556 پوائنٹس کے ساتھ 46ویں نمبر پر چلے گئے۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق 506 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 58ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ رضا اللہ بھی 91ویں پوزیشن پر برقرار رہے۔ دریں اثناء اذان اویس 358 پوائنٹس کے ساتھ چھ درجے ترقی کر کے 95ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انگلینڈ کے ہیری بروک دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بلے باز کے طور پر اپنی حکمرانی برقرار رکھے ہوئے ہیں، ان کے بعد آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں سپنر نعمان علی کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ 777 پوائنٹس کے ساتھ نویں سے دسویں نمبر پر آ گئے۔ محمد عباس 13 وکٹیں لے کر 'پلیئر آف دی سیریز' کا اعزاز حاصل کرنے کے باوجود 713 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد 16ویں نمبر پر چلے گئے۔ تیز رفتار بولر شاہین آفریدی 593 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 31ویں پوزیشن پر برقرار رہے جبکہ اسپنر ساجد خان بھی 587 پوائنٹس کے ساتھ 32ویں نمبر پر موجود رہے۔ تیز رفتار بولر حسن علی، جنہوں نے آخری بار رواں سال مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ریڈ بال میچ کھیلا تھا، ایک درجہ تنزلی کے بعد 44ویں نمبر پر آ گئے۔ خرم شہزاد اپنی 55 ویں پوزیشن پر برقرار رہے جبکہ اسپنر علی عثمان 75 ویں نمبر پر موجود رہے، اسی طرح فاسٹ بولرز محمد علی اور عامر جمال بالترتیب 81 ویں اور 83 ویں نمبر پر رہے۔ اسپنر آصف آفریدی 91 ویں نمبر پر رہے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نمبر ون ٹیسٹ بولر کی حیثیت سے سرفہرست ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری دوسرے نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے اولی رابنسن ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔