ہرارے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2026ء ) زمبابوے کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈے کرکٹ کے سب سے طویل عرصے تک کھیلنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا۔ برینڈن ٹیلر منگل کے روز ہرارے سپورٹس کلب میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں شریک ہوئے اور سچن ٹنڈولکر کا دیرینہ ریکارڈ توڑتے ہوئے مردوں کی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے طویل کیریئر رکھنے والے کھلاڑی بن گئے۔ 40 سالہ برینڈن ٹیلر جنہوں نے 2004ء میں ون ڈے ڈیبیو کیا تھا، ان کا بین الاقوامی کیریئر 22 سال اور 148 دن پر محیط ہوگیا ہے جب کہ سچن ٹنڈولکرکا شاندار ون ڈے کیریئر 1989ء سے 2012ء تک 22 سال اور 91 دن جاری رہا تھا۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر سری لنکا کے سنتھ جے سوریا موجود ہیں جن کا ون ڈے کریئر 1989ء سے 2011ء تک 21 سال اور 184دن جاری رہا۔ اس فہرست میں پاکستان کے لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جن کا ون ڈے کریئر 1975ء سے 1996ء تک 20 سال اور 272 دن جاری رہا۔