اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کیلئے ہاکی آسٹرو ٹرف گرائونڈ جوٹیال میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔ ان ٹرائلز کی نگرانی ممبر سلیکشن کمیٹی اولمپین ناصر علی نے کی جبکہ اسے جی بی ہاکی ایسوسی ایشن اور گلگت بلتستان اسپورٹس بورڈ کے باہمی تعاون سے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا،ان ٹرائلز میں 16 سے 28 سال کی عمر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ گلگت کے تمام مشہور کلبوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے ہاکی کے درجنوں باصلاحیت اور پرعزم کھلاڑیوں نے میدان میں آ کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر سابق ڈائریکٹر اسپورٹس جی بی حسین علی، گلگت بلتستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر وپاکستان ہاکی فیڈریشن کانگریس ممبر کمال حسین، جی بی اسپورٹس بورڈ کے ہاکی کوچ اسرار حسین اور بلتستان ریجن کے اے ڈی اسپورٹس باقر حسین بھی موجود تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔