لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 ستمبر 2026ء ) انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سیکیورٹی وفد نے کہا ہے کہ برطانوی ٹیم پاکستان آ کر کھیلنے کیلئے بہت پُرجوش ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔ پاکستان میں سہہ ملکی کرکٹ سیریز کیلئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کے میچز کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں شرکت کی۔ وفد میں ای سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز روب ہل مین، ڈائریکٹر سیکیورٹی ڈریگ ڈکاسن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انگلینڈ پلیئر کرکٹ ایسوسی ایشن ڈیرل مچل شامل تھے۔ سیکریٹری داخلہ نے وفد کو بریفنگ میں بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی میں کرکٹ میچز کیلئے تمام تر سیکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز، قذافی اسٹیڈیم اور ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں کنٹرول روم قائم ہوں گے۔