ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ کرکٹ بورڈ کا تھا، یہ سپورٹس مین سپرٹ کیخلاف نہیں :کوچ بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2026ء ) چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈکوچ کا ردعمل سامنے آگیا۔ اتوار کو بھارتی ویمنز ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ میں دفاعی

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2026ء ) چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈکوچ کا ردعمل سامنے آگیا۔ اتوار کو بھارتی ویمنز ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر 8ویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی ویمنز ٹیم نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کرکے ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست کی نذر کر دیا۔ دبئی میں ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ فائنل کے انعامات دینے کی تقریب ہوئی جس میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر دائرہ بناکر موجود رہی اور گراؤنڈ میں نہیں آئی جس کے باعث بھارتی ٹیم کے بغیر ہی تقریب مکمل ہوئی اور بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی وصول نہیں کی جس پر ٹرافی اے سی سی نے رکھ لی۔ چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ویمنز ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹرافی نہ لینا سپورٹس مین سپرٹ کے خلاف نہیں ہے۔ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے۔ ہم چیمپئن ہیں۔ پریس کانفرنس میں جیو نیوز نے بھارتی ویمنز ٹیم کے کوچ سے سوال کیا کہ ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی آپ کو کب ملے گی؟ جس پر جواب دیتے ہوئے بھارتی کوچ نے کہا کہ ٹرافی کے بارے میں تو ہمیں کچھ نہیں معلوم، کوئی خبرنہیں کہ ٹرافی کب ملے گی، ویمنز ٹیم نے ٹرافی نہ لینے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر کیا۔ بھارتی کوچ نےکہا کہ بڑے بورڈ پر لکھا تھا کہ بھارت ’ایشیا کپ 2026ء کا چیمپئن‘ ہے۔ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر ختم ہوچکا ہے، اب ہماری نظریں ایشین گیمز پر ہیں۔



