لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 ستمبر 2026ء) انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے رضا اللہ کی شاندار بلے بازی کو سراہتے ہوئے پاکستانی کرکٹر کو مستقبل کا اسٹار قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے رضا اللہ کو مستقبل کا اسٹار قرار دیتے ہوئے سراہا جبکہ انگلینڈ کی حکمت عملی پر تنقید کی جس کی وجہ سے پاکستان کے لوئر آرڈر کے بلے بازوں کو شاندار مزاحمت کرنے کا موقع ملا۔ انگلینڈ کے سابق کپتان نے پاکستان کے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی کو کرکٹ کا نایاب ہیرا قرار دیا۔ واضح رہے کہ برمنگھم ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے خلاف نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ نے 63 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دار اننگز (جس میں نو چھکے شامل تھی) کی بدولت پاکستان ایجبسٹن میں اپنی دوسری اننگز میں 449 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔