اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2026ء) ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے چیلنجر پول میچ میں پاکستان اور قازقستان کی خواتین ہاکی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کے بعد میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔ میچ کا آغاز انتہائی جارحانہ رہا جہاں قازقستان کی ٹیم نے 0-1 کی برتری حاصل کی۔ قازقستان کی طرف سے امان گیلدی ژانسایا نے میچ کے 15ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔ اس کے بعد پاکستان کی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے چوتھے کوارٹر میں 55ویں منٹ میں پاکستان کی کپتان شارقہ سرور نے گول کیا اور سکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ میچ کے آخری منٹوں تک دونوں ٹیموں نے فتح حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم مقررہ وقت کے اختتام پر میچ 1-1 سے برابر رہا۔