اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2026ء) ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 21نومبر کو بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقد ہوگاجس میں کونسل کے آئندہ دو سال کے لیے انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔اجلاس میں دنیا بھر میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ، انتظامی امور اور مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 21 نومبر کو ڈھاکہ میں ہوگاجس میں رکن ممالک کے تقریباً 11 نمائندے شرکت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں دیگر انتظامی اور کھیل سے متعلق امور کے علاوہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے آئندہ دو سال کے لیے انتخابات بھی شامل ہیں۔ انتخابات کے ذریعے کونسل کےمختلف عہدوں کے لیے نئی قیادت کا انتخاب کیا جائے گاجو آئندہ مدت کے دوران عالمی سطح پر بلائنڈ کرکٹ کے معاملات کی نگرانی کرے گی۔سید سلطان شاہ نے بتایا کہ اجلاس میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ، کھیل کے معیار میں بہتری اور رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ عالمی سطح پر بلائنڈ کرکٹ کے انتظام و فروغ کے لیے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور پاکستان سمیت متعدد ممالک اس کی سرگرمیوں میں فعال طور پر شریک ہیں۔ اجلاس میں آئندہ سال 2027 میں سری لنکا میں ہونے والے ٹی ورلڈکپ کے حوالے سے اپ ڈیٹ بھی دی جائے گی۔\395