نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2026ء) انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی آرتھر فیری کو ان کے پہلے یو ایس اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں اٹلی کے 13 ویں سیڈ لورینزو موسیٹی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔بی بی سی کے مطابق رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں، جس میں شائقین ٹینس کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ آرتھر ایش سٹیڈیم میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی میچ میں اٹلی کے ٹینس سٹار لورینزو موسیٹی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کے آرتھر فیری کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6،3-6 اور 5-7 سے نہ صرف شکست دی بلکہ میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ ومبلڈن سیمی فائنل میں حیران کن کارکردگی دکھا کر دنیا کی رینکنگ میں 33 ویں نمبر پر پہنچنے والے آرتھر فیری اس بار نیویارک کے ہارڈ کورٹ پر اپنی وہ کارکردگی دہرانے میں ناکام رہے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے 24 سالہ آرتھر فیری نے اعتراف کیا کہ سروس میں ردھم نہ ملنے کی وجہ سے انہیں نقصان اٹھانا پڑا اور ٹاپ کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کے لیے انہیں اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ لورینزو موسیٹی نے شاندار کارکردگی اور بیک ہینڈ شاٹس کی بدولت میچ پر قابو برقرار رکھا اور اب ان کا مقابلہ دوسرے راؤنڈ میں آسٹریلیا کے ڈین سوینی سے ہوگا۔