امام الحق کی انجری کے بعد ماضی کی رپورٹ بھی کھل گئی، جعلی انجری کی کہانی سامنے آگئی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2026ء ) انگلینڈ میں پاکستان کے بیٹر امام الحق کی انجری کے بعد ماضی کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آگئی، ماضی کے واقعے کے باعث پی سی بی ایک بار پھر امام الحق کی حالیہ انجری کی بھی

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 اگست 2026ء ) انگلینڈ میں پاکستان کے بیٹر امام الحق کی انجری کے بعد ماضی کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آگئی، ماضی کے واقعے کے باعث پی سی بی ایک بار پھر امام الحق کی حالیہ انجری کی بھی تحقیقات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق مارچ 2025ء میں انڈور نیٹ سیشن کے دوران امام الحق کے دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر گیند لگی تھی، ایکسرے میں انگوٹھے میں فریکچر یا ہڈی کے اپنی جگہ سے ہٹنے کے شواہد نہیں ملے تھے۔ پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے مارچ 2025ء میں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران امام الحق کو جعلی انجری بتانے کا ذمے دار قرار دیا تھا۔ امام الحق نےانگوٹھےمیں شدید درد اورسیاہ نشان پڑنےکی شکایت کی، تاہم ٹیم ڈاکٹر کی جانب سے مخصوص کیمیکل پیپر سے صفائی کے بعد انگوٹھے پرموجود سیاہ نشان مبینہ طور پر ختم ہوگیا۔ پی سی بی کی انکوائری کمیٹی کے مطابق سیاہ مادہ قدرتی خون کی بجائے سیاہی یا مارکر کا نشان تھا، امام الحق نے کمیٹی کے سامنے انگوٹھے پرسیاہی یا کسی مصنوعی مادے کے استعمال سے انکار کیا تھا۔ رپورٹ کےمطابق کمیٹی نے امام الحق کے مؤقف کو میڈیکل شواہد اور ایکسرے کے نتائج سے مطابقت نہ رکھنے والا قرار دیا، امام الحق نگرانی میں لنگڑاتے جبکہ نظروں سے اوجھل ہونے پر معمول کے مطابق چلتے دکھائی دیے۔ پی سی بی کمیٹی کےمطابق پہلےون ڈے کے لیےامام الحق کو اَن فٹ قراردینےکی طبی بنیاد موجود نہیں تھی، کمیٹی نے ان پر انجری کی علامات کو جعلی بنانے اور بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے میڈیکل عملے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ انکوائری رپورٹ میں امام الحق کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے سے جان بوجھ کر باہر ہونے کی کوشش کا بھی ذکرکیا گیا تھا، کمیٹی نے انہیں تمام فارمیٹس اور تمام سطحوں پر پاکستان کی نمائندگی سے روکنے کی سفارش کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ماضی کے اس تنازعے میں امام الحق پر نیوزی لینڈ کی مشکل اور تیز پچز پر اوپننگ سے گریز کرنے کا الزام بھی سامنے آیا تھا۔



