لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2026ء) انگلینڈ نے لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے نتیجے میں پاکستان کو جیت کے لیے 389 رنز کا سنگین ہدف ملا، 389 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 194 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کرتے ہوئے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم وہ اپنی سینچری سے محض 3 رنز دور رہ گئے، شان مسعود 26 رنز بنا سکے، جبکہ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے 1 رن بنایا، بابر اعظم اور اذان اویس 6، 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ انگلینڈ نے 16 سال کی طویل مدت کے بعد لارڈز کے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے، اس فتح کے ساتھ ہی ہوم ٹیم نے سیریز اپنے نام کر لی ہے، جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اب محض ایک رسم کے طور پر کھیلا جائے گا۔