دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اگست 2026ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے بیٹر آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کردی۔ آئی سی سی کے مطابق آصف خان کا 8 ستمبر 2025ء کو ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس میں ممنوعہ مواد کی موجودگی ظاہر ہوئی تھی۔ یو اے ای کے 36 سالہ آصف خان نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے آرٹیکل 2.1 کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے 15 ماہ کی پابندی قبول کرلی۔ آئی سی سی کے مطابق آصف خان پر 15 ماہ کی پابندی 8 ستمبر 2025ء سے شمار ہوگی جو 7 دسمبر 2026ء تک جاری رہے گی۔ اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت آصف خان کے 8 ستمبر 2025ء سے 29 دسمبر 2025ء تک کے انفرادی نتائج بھی منسوخ کردیے گئے ہیں، اس کے نتیجے میں اس عرصے کے دوران حاصل کیے گئے تمغے، پوائنٹس، انعامی رقم اور دیگر انعامات بھی واپس لیے جائیں گے۔ آصف خان نے 2022ء میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اب تک یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے 38 ون ڈے انٹرنیشنل اور 56 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔