نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اگست 2026ء ) بھارت کے معروف سابق کرکٹر اور 1983ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کپتان کپل دیو نے اپنے سابق کرکٹ ساتھی اور دوست عمران خان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے پاکستانی حکومت سے انسانی بنیادوں پر انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق 67 سالہ کپل دیو کا یہ تازہ بیان 21 سابق بین الاقوامی کرکٹ لیجنڈز کی جانب سے پاکستان سے عمران خان کو مناسب طبی علاج فراہم کرنے کی اپیل کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ سابق کرکٹرز نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام خط میں عمران خان کے حالیہ ہسپتال کے دورے کا دورانیہ صرف چند گھنٹے ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ کپل دیو اور عمران خان دونوں اپنے اپنے ممالک کی کرکٹ ٹیموں کی قیادت کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیت چکے ہیں۔ کپل دیو نے 1983ء جبکہ عمران خان نے 1992ء میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوایا تھا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان اپریل 2025ء میں پیدا ہونے والی شدید کشیدگی کے باوجود کپل دیو نے کہا کہ ان کی اپیل کسی سیاسی معاملے کے بجائے ایک ایسے دوست کے لیے ہے جس کی وہ بطور کرکٹر قدر کرتے ہیں۔ کپل دیو نے کہا "میں اپنے دوست کی حمایت کرنا چاہتا ہوں، جس کے خلاف ہم نے کرکٹ کھیلی اور جس کی کرکٹ کی صلاحیتوں کو سراہا۔ ہمیں ملک کے قانون کا علم نہیں، یہ اپنی جگہ درست ہے، لیکن انسانیت اور بنیادی سہولیات ہر قیدی کو ملنی چاہئیں، چاہے وہ کوئی بھی ہو۔" انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے سابق وزیراعظم اور دنیا کے ایک بڑے کرکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ کپل دیو کا کہنا تھا، "ہم چاہتے ہیں کہ انہیں بہترین علاج فراہم کیا جائے، ہم صرف یہی مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم کسی اور چیز کا مطالبہ نہیں کر رہے اور نہ ہی کسی جواب کے منتظر ہیں، ہم صرف درخواست کر رہے ہیں۔" اس سے قبل 21 سابق کرکٹ کپتانوں اور عالمی کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں نے بھی عمران خان کے طبی علاج کے حوالے سے پاکستان سے اپیل کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ ان کا تعلق سرحدوں سے بالاتر ہے اور ان کی طبی حالت، خصوصاً دائیں آنکھ کی مبینہ بینائی متاثر ہونے کے معاملے میں، مناسب علاج یقینی بنایا جانا چاہیے۔ سابق کرکٹرز نے خط میں کہا کہ عمران خان 73 سال کے ہیں اور 3 سال سے زائد عرصے سے زیر حراست ہیں۔ ان کے مطابق عمران خان کے مقدمے سے متعلق قانونی اور سیاسی معاملات اپنی جگہ، لیکن عدالت کی جانب سے حکم دیے گئے طبی عمل کو مکمل کرنا ایک بنیادی انسانی تقاضا ہے۔ اپیل پر انگلینڈ کے مائیکل ایتھرٹن، مائیکل بریلی، ناصر حسین، اینڈریو اسٹراس اور ڈیوڈ گوور، بھارت کے سنیل گواسکر اور دلیپ وینگسارکر جب کہ آسٹریلیا کی بیلنڈا کلارک، ایڈم گلکرسٹ، اسٹیو وا اور کم ہیوز سمیت دیگر سابق کرکٹرز نے دستخط کیے۔ عمران خان کے سابق کرکٹ ساتھیوں کی مسلسل اپیلوں کے باعث ان کے طبی علاج کا معاملہ ایک بار پھر بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ عمران خان کے اہل خانہ بھی ان کے طبی معاملات سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ کپل دیو نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں بھی عمران خان کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے عمران خان نے جو کچھ کیا وہ درست تھا یا غلط، تاہم ان کے بقول "ایک بڑا کھلاڑی بھی بڑی غلطی کر سکتا ہے، لیکن وزیراعظم کو مناسب سلوک ملنا چاہیے۔" کپل دیو نے 1980ء اور 1990ء کی دہائی میں عمران خان کے ساتھ اپنی دوستی اور کرکٹ کے میدان سے باہر تعلق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی دونوں کو بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہوتی، وہ ایسا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجابی ہونے کی وجہ سے ان کے لیے ان سے بات چیت کرنا آسان تھا، تاہم کپل دیو کے مطابق عمران خان کا طرز زندگی اس زمانے میں بھی انتہائی منفرد اور ان کے اپنے طرز زندگی سے مختلف تھا۔