سینیگال اور مراکش کے درمیان افریقی نیشنز کپ ٹائٹل کا تنازع، کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (آج) فیصلہ سنائے گی
لوزان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2026ء) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس)نے سینیگال کی جانب سے افریقی نیشنز کپ کا ٹائٹل واپس لینے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر (آج)منگل کو فیصلہ سنانے کا اع

لوزان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2026ء) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس)نے سینیگال کی جانب سے افریقی نیشنز کپ کا ٹائٹل واپس لینے کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر (آج)منگل کو فیصلہ سنانے کا اعلان کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینیگال نے افریقی فٹ بال کنفیڈریشن (سی اے ایف)کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس کے تحت مراکش کو رواں سال کا افریقی نیشنز کپ چیمپئن قرار دیا گیا تھا، حالانکہ جنوری میں رباط میں کھیلے گئے فائنل میں سینیگال نے میزبان مراکش کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دی تھی۔ تنازع کا آغاز فائنل کے دوران ہوا جب مقررہ وقت کے آخری لمحات میں سینیگال کے خلاف پنالٹی دیے جانے پر اس کے کھلاڑی احتجاجا میدان سے باہر چلے گئے۔ تقریبا ً14 منٹ بعد کھلاڑی واپس میدان میں آئے، تاہم مراکش پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہا اور مقابلہ اضافی وقت میں چلا گیا، جہاں سینیگال نے فیصلہ کن گول کرکے کامیابی حاصل کی۔ تاہم 2 ماہ بعد سی اے ایف کی اپیل کمیٹی نے قرار دیا کہ میدان چھوڑنے کے باعث سینیگال نے میچ سے دستبرداری اختیار کی تھی، جس کے نتیجے میں فائنل کا نتیجہ تبدیل کرکے مراکش کو 0-3 سے فاتح قرار دے دیا گیا۔ سینیگال نے اس فیصلے کے خلاف 25 مارچ کو کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کردی تھی۔دونوں ممالک اور سی اے ایف کے موقف اکتوبر کے آغاز میں سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں سنے گئے تھے۔سینیگال کا موقف ہے کہ میچ کے دوران ریفری کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے اور چونکہ ریفری نے مقابلہ دوبارہ شروع کروا کر مکمل کرایا، اس لیے بعد میں نتیجہ تبدیل کرنا درست نہیں تھا۔ عدالت کے مطابق فریقین کو مطلع کردیا گیا ہے کہ فیصلہ 24 نومبر کی سہ پہر جاری کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر سماعت کے چند روز بعد فیصلہ متوقع تھا، تاہم عدالت نے قانونی وجوہات سمیت مکمل تحریری فیصلہ جاری کرنے کا انتخاب کیا، جس کے لیے مزید وقت درکار تھا۔اس فیصلے کے بعد افریقی فٹ بال کے اس اہم تنازع کا مستقبل واضح ہوجائے گا اور یہ طے ہوگا کہ افریقی نیشنز کپ کا ٹائٹل سینیگال کے پاس رہے گا یا مراکش کی چیمپئن شپ برقرار رکھی جائے گی۔



