لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2026ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گی ۔لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد صرف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانا نہیں بلکہ ایک ایسا مضبوط نظام تشکیل دینا ہے جس کے ذریعے باصلاحیت نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح تک رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ پاکستان سپر لیگ کے بعد ملک کی اہم ڈومیسٹک کرکٹ سرگرمی ثابت ہوگی، جہاں تجربہ کار اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے مقابلے لاہور، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوں گے، جبکہ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ میں براہ راست نشر کیے جائیں گے تاکہ کرکٹ شائقین ملک بھر میں ان مقابلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ میں شریک تمام کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور اس اقدام سے نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ حکومت پنجاب جلد ہی سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کا انعقاد بھی کر رہی ہے، جس میں لاکھوں نوجوان مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہر نوجوان کو کھیلنے کا موقع فراہم کرنا اور پنجاب کو عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی نرسری بنانا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی سی بی ملک میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موثر ذریعہ ثابت ہوں گے اور ان میں مستقبل کے قومی کھلاڑی سامنے آنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا قیمتی موقع بھی فراہم کرے گی۔