لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2026ء) فٹ بال ورلڈ کپ 2026کے سیمی فائنل میں ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کی فٹبال ٹیم نے تھامس ٹوخل کی زیر نگرانی یوئیفانیشنز لیگ کے میچز سے اپنی بحالی کا شاندار آغاز کر دیا ہے۔بی بی سی کے مطابق جمہوریہ چیک کے خلاف 0-3 کی فتح میں کپتان ہیری کین نے پیٹر شلٹن کے 125 بین الاقوامی میچز کا ریکارڈ برابر کر دیا، جبکہ وہ اپنے مجموعی گولز کی تعداد 91 تک پہنچا کر قومی ٹیم کی تاریخ کے سب سے کامیاب سٹرائیکر بن چکے ہیں۔ اینتھونی گورڈن، بوکائیو ساکا اور جوڈ بیلنگھم کے ساتھ مل کر ہیری کین نے انگلینڈ کے لیے ایک بہترین اٹیکنگ فارورڈ لائن تشکیل دے دی ہے۔ دریں اثناء، یوئیفا نیشنز لیگ کے دوران نوجوان مڈفیلڈر ایلکس سکاٹ نے ڈیبیو میں ہی اپنی بہترین صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، تاہم وہ انجری کے باعث 2 ماہ کے لیے میدان سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریال میڈرڈ کے رائٹ بیک ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ اور نیو کیسل کے لیوس ہال نے بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے۔ مڈفیلڈ میں بھی انگلینڈ کے پاس متعدد مضبوط آپشنز موجود ہیں۔ بورن ماؤتھ کے ایلکس سکاٹ نے کروشیا کے خلاف 0-7 کی فتح میں ڈیبیو پر شاندار کارکردگی دکھائی، تاہم بعد ازاں ران کی انجری کا شکار ہوگئے۔ آرسنل کے ڈیکلن رائس اب بھی تھمس ٹوخل کے منصوبوں کا اہم حصہ ہیں، جبکہ مانچسٹر سٹی کے ایلیٹ اینڈرسن اور آرسنل کے 20 سالہ مائلز لیوس اسکیلی بھی اپنی جگہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوبی مینو بھی انجری کے باعث سکواڈ سے باہر ہوئے، جبکہ کرسٹل پیلس کے ایڈم وارٹن جیسے باصلاحیت کھلاڑی بھی ابھی تھامس ٹوخل کی ترجیحات میں جگہ بنانے کے منتظر ہیں۔یوئیفا نیشنز لیگ کے ابتدائی 4 میچوں نے واضح کردیا ہے کہ انگلینڈ کے پاس فارورڈ لائن، مڈفیلڈ اور دفاع میں انتخاب کے کئی مضبوط آپشنز موجود ہیں جبکہ تھامس ٹوخل کے لیے اصل چیلنج ان صلاحیتوں کو بہترین امتزاج کے ساتھ میدان میں اتارنا ہوگا۔