اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور پاکستان، انگلینڈ و سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے قومی سکواڈز کا اعلان کردیا ۔سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے صاحبزادہ فرحان جبکہ شاہین شاہ آفریدی انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے ٹرائی سیریز میں قومی ٹیم کی کپتانی کرینگے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 13 اکتوبر کو ہوگا ۔سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز، محمد عمران رندھاوا، خواجہ نافع، معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ خواجہ نافع وکٹ کیپر کی حیثیت سے سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔دوسری جانب پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں جبکہ باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔16 رکنی ون ڈے سکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے۔ سکواڈ میں ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری، حارث رؤف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ٹیم مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ، مائیکل سمتھ بیٹنگ کوچ اور منصور امجد فیلڈنگ کوچ ہوں گے، جبکہ نوید اکرم چیمہ پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گی