فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2026ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی ویمنز کرکٹ میچ کا انعقاد ہوا، جہاں رواج پریزنٹس یونیورسٹی آف لاہور انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے میزبان پاکستان کو 30 رنز سے شکست دے دی۔میچ کے دوران پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو الرٹ رکھا گیا جبکہ اسٹیڈیم اور اطراف میں سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی نگرانی کی گئی۔ سی پی او سہیل تنویر نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر خود بھی سیکیورٹی چیک کرتے رہے ۔بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔ سعدیہ اختر نے ناقابل شکست 34 رنز بنائے جبکہ نشیتا اختر نِشی نے 23 رنز اسکور کیے۔ جواب میں پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا سکی۔ کومل خان نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روال فرحان نے 17 رنز بنائے ۔بنگلہ دیش کی نشیتا اختر نِشی نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز بنانے کے بعد 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں Player of the Match قرار دیا گیا ۔پاکستان کی جانب سے ماہنور زیب نے 3 جبکہ روزینہ اکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔سیریز میں پاکستان اپنا اگلا میچ 3 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گا، جس کا آغاز صبح 11 بجے ہوگا۔