لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اکتوبر 2026ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے حق میں سامنے آگئے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے 48 سالہ یونس خان نے کہا کہ بطور کرکٹر میں محمد رضوان کے ساتھ کھڑا ہوں، اس معاملے میں احتیاط سے گفتگو کرنے کی ضرورت ہے، ہم بطور کرکٹر پی سی بی سے بڑے نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے معتبر ادارہ ہے، رضوان کو چاہیے پروسس کو فالو کریں، ہم کسی کے وکیل نہیں اور نہ ہی ہمیں اس کیس سے متعلق کچھ معلوم ہے، محمد رضوان کے ساتھ سارا معاملہ ایک آفیشل ٹور پر ہوا ہے، جب تک کیس کا نتیجہ نہیں آجاتا، بات کرتے وقت احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مجھے بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، میرے معاملات 4 ماہ تک چلے تھے۔