لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اکتوبر 2026ء ) ہاکی کے معروف کھلاڑی سابق اولمپین خواجہ ذکا الدین 89 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔ فارورڈ کھلاڑی کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے 1958ء سے 1966ء تک 56 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے خواجہ ذکا الدین نے اپنے کیریئر میں 26 گول اسکور کیے، 27 اکتوبر 1936ء کو مشرقی پنجاب کے شہر جالندھر میں پیدا ہونے والے اولمپین خواجہ ذکا الدین 1960ء کے روم اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن تھے۔ وہ 1964ء کے ٹوکیو اولمپکس میں سلور میڈل پانے والی قومی ہاکی ٹیم کا بھی حصہ تھے، اولمپین خواجہ ذکا الدین 1958ء میں ٹوکیو میں ہونے والے ایشین گیمز میں فاتح بن کر گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن تھے، وہ 1962ء میں جکارتہ کے ایشین گیمز میں پہلی پوزیشن پاکر اپنے اعزاز کا دفاع کرنےوالی قومی ہاکی ٹیم کے بھی رکن رہے ، وہ 1966ء میں بینکاک کے ایشین گیمز میں سلور میڈل پانے والی پاکستان ہاکی ٹیم میں بھی شامل تھے۔