ہانگ ژو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) روس کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ ڈینیئل مدویدیف نے ہم وطن ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ آندرے روبلوف کو شکست دے کر اے ٹی پی ہانگ ژو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ڈینیئل مدویدیف نے 2026 میں تیسرا اور مجموعی طور پر24 واں اے ٹی پی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ای ایس پی این کے مطابق اے ٹی پی ہانگ ژو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے چین میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملے ۔ ہانگ ژو اولمپک سپورٹس ایکسپو سینٹر میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں روس کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ ڈینیئل مدویدیف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ آندرے روبلوف کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7اور 4-6سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل کے دونوں ہم وطن کھلاڑیوں کی آخری ملاقات 2023 میں ہوئی تھی۔ یہ ڈینیئل مدویدیف کا 2026 میں تیسرا ٹائٹل ہے۔ سابق عالمی نمبر ون اور گرینڈ سلام چیمپئن مدویدیف حالیہ برسوں میں ٹائٹلز کے اعتبار سے مشکلات کا شکار رہے تھے، تاہم ہانگ ژو میں کامیابی نے اے ٹی پی کی ٹاپ 10 میں ان کی پوزیشن بھی مزید مستحکم کردی ہے۔