لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل میچز دکھانے کے میڈیا رائٹس کا معاہدہ ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست معاہدہ ختم کرنے کا تحریری نوٹس پیش کرنے پر نمٹا دی۔جسٹس جاوید اقبال وینس نے ٹاور سپورٹس کا پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز دیکھانے کا معاہدہ ختم کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ ٹاور سپورٹس کی جانب سے ایڈووکیٹ تفضل رضوی اور پی سی بی کی جانب سے بیرسٹر احتشام مختار پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پی سی بی کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز میڈیا پر دکھانے کا معاہدہ ہوا ،پی سی بی نے ایک ای میل کے ذریعے معاہدے ختم کر دیا ،لاہور ہائیکورٹ نے اپریل 2026ء میں پی سی بی کے اقدام کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا ،پی سی بی نے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں اپیل کر دی،ہمارا معاہدہ 2026ء میں ختم ہو چکا ہے،ٹاور سپورٹس کو قانونی اہداف حاصل ہو گئے ہیں،اب درخواست پر مزید کاروائی نہیں کرنا چاہتے۔ وکیل پی سی نے بتایا کہ ٹاور سپورٹس کے ساتھ میڈیا رائٹس کا معاہدہ دسمبر 2026ء تک کے لیے کیا گیا ،پی سی بی نے مئی 2026ء میں معاہدہ ختم کر دیا،وفاقی آئینی عدالت میں درخواست کے فیصلے تک کاروائی معطل کی جائے ۔عدالت نے معاہدہ ختم کرنے کا تحریری نوٹس پیش کرنے پر درخواست نمٹا دی۔