لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2026ء) پاکستان انڈر 17 کرکٹ ٹیم کا ملتان میں تربیتی کیمپ جاری ہے، جس میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بالنگ اور میچ کی صورتحال کے مطابق کھیل کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ترجمان پی سی بی کےمطابق کیمپ کے دوران نوجوان کرکٹرز کو مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لیے عملی مشقیں بھی کروائی جا رہی ہیں۔ ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر نے کھلاڑیوں کو موٹیویشنل لیکچر دیا اور انہیں کھیل کے دوران اعتماد، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے ساتھ کارکردگی دکھانے کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔ ہیڈ کوچ نے بیٹرز کو پارٹنرشپس بنانے، وکٹ پر وقت گزارنے اور اننگز کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مختلف کرکٹنگ سکلز سے آگاہ کیا۔ بالرز کو لائن اور لینتھ برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ میچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بالنگ کرنے کے اہم نکات بتائے گئے۔ کوچنگ سٹاف نے نوجوان بالرز کو مختلف حالات میں درست لائن اپنانے، رنز روکنے اور وکٹیں حاصل کرنے کے لیے حکمت عملی پر بھی کام کروایا۔کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے سیناریو میچز میں بھی حصہ لیا، جن میں انہیں مختلف میچ صورتحال کے مطابق اہداف دیے گئے۔ کوچز کی جانب سے بیٹرز اور بالرز کو الگ الگ اہداف فراہم کیے گئے تاکہ وہ دبا اور مختلف حالات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرسکیں ۔پاکستان انڈر 17 اور سری لنکا انڈر 17 کے درمیان سیریز بھی کھیلی جائے گی، جس میں ایک تین روزہ اور پانچ ایک روزہ میچز شامل ہیں۔ سیریز کے تمام میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 9 سے 24 اکتوبر تک کھیلے جائیں ۔