لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2026ء) فیفا آسیان کپ کے میچ میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو 4-0 سے شکست دے دی۔ انڈونیشیا کے شہر بانڈونگ میں واقع سی جالک ہاروپات اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی ڈویژن ون کے میچ میں پاکستانی فٹ بال ٹیم نے ابتدائی مرحلے میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مضبوط تھائی ٹیم کے سامنے میچ پر گرفت برقرار نہ رکھ سکی۔ تھائی لینڈ نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل تیراسک پوئی فیمائی کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی جبکہ تقریبا 10 منٹ بعد جوڈ بیل سون سوپ نے قریب سے زوردار شاٹ لگا کر اسکور 2-0 کردیا۔ تھائی لینڈ نے اس کے کچھ ہی دیر بعد تیسرا گول بھی کیا، تاہم اسے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔دوسرے ہاف میں پاکستانی کوچ نولبرٹو سولانو نے تین تبدیلیاں کیں اور شائیک دوست، حیان خٹک اور عالمگیر غازی کو میدان میں اتارا۔ پاکستان نے دوسرے ہاف میں نسبتا جارحانہ انداز اپنایا تاہم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔میچ کے ایک گھنٹے مکمل ہونے پر تیراسک پوئی فیمائی نے شاندار انداز میں گول کرکے تھائی لینڈ کی برتری 3-0 کردی۔ پاکستان کے عبدالصمد ارشد نے فوری جوابی حملے میں گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کی شاٹ معمولی فرق سے باہر چلی گئی ۔کھیل کے آخری لمحات میں دفاعی غلط فہمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیراسک پوئی فیمائی نے گول کیپر کے اوپر سے خوبصورت انداز میں گیند جال میں پہنچا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور تھائی لینڈ کو 4-0 سے کامیابی دلادی ۔پاکستان کی ٹیم منگل کو فلپائن کے خلاف اپنا اگلا میچ کھیلے گی۔