کرکٹ میں بدعنوانی کے خلاف مسلسل بولنے کے باعث مجھے قتل کی دھمکیاں ملیں، سرفراز نواز کا انکشاف
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2026ء ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ میں بدعنوانی کے خلاف مسلسل بولنے کے باعث انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ 77 سالہ سرفراز نواز ک

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2026ء ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ میں بدعنوانی کے خلاف مسلسل بولنے کے باعث انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ 77 سالہ سرفراز نواز کا شمار دنیا کے چند بہترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے اور انھیں ریورس سوئنگ کا مؤجد بھی کہا جاتا ہے۔ لندن میں صحت کی خرابی سے نبردآزما سابق فاسٹ بولر کی نئی کتاب کی رونمائی آج لارڈز میں ہوگی اور ان کا کہنا ہے کہ اپنی اس آپ بیتی میں انھوں نے ڈریسنگ روم کی سیاست اور میچ فکسنگ جیسے تنازعات کی تفصیلات شامل کی ہیں۔ لندن میں ایک انٹرویو کے دوران سرفراز نواز نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ وہ اپنی کتاب میں بیان کریں گے کہ کس طرح بعض کھلاڑی ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے رہے، کپتانوں کو ہٹانے کے لیے کوششیں ہوتی رہیں اور کس طرح وقت کے ساتھ جوئے کا عنصر پاکستانی کرکٹ میں داخل ہوا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی کتاب میں جسٹس فقیر محمد یوسف کی سربراہی میں تیار ہونے والی رپورٹ، جسٹس ملک محمد قیوم کمیشن، سابق کپتانوں کے خلاف سامنے آنے والے الزامات اور مختلف دیگر لوگوں کے بیانات کا بھی ذکر موجود ہے۔ سرفراز نواز، جو کئی دہائیوں سے کرکٹ میں بدعنوانی کے خلاف بولتے رہے ہیں، کا دعویٰ ہے کہ اسی وجہ سے انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ ’مجھ سے تو سٹے باز ڈرتے رہے ہیں۔ مجھے تو دھمکیاں ملی ہیں کہ آپ اگر بکواس کریں گے تو آپ کو ہم قتل کر دیں گے۔‘ انھوں نے بتایا کہ 2010ء اور 2017ء میں انھوں نے اس معاملے پر باضابطہ طور پر ایف آئی آرز درج کروائیں۔ اس کے علاوہ ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے وزیراعظم، صدر، چیف جسٹس اور آرمی چیف کو بھی خطوط لکھے تاکہ کرکٹ میں مبینہ بدعنوانیوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ماضی میں لندن میں قیام کے دوران ان کی دو مرتبہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے ملاقات ہوئی اور ان کی سلامتی کے حوالے سے خصوصی نگرانی بھی کی گئی۔ سرفراز نواز نے اپنے انٹرویو میں شارجہ میں مبینہ طور پر ہونے والی سٹے بازی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2001ء یا 2003ء میں ایک انکوائری بھی کی تھی۔ انھوں نے آئی سی سی کی انکوائری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے بعد آپ دیکھیں جو نتیجہ آیا اس میں یہ واضح ہوتا ہے کہ جوا شارجہ میں کھیلا جاتا رہا ہے اور پھر شارجہ پر پابندی لگ گئی تھی۔‘ وہ کہتے ہیں کہ کرکٹ میں ہونے والی کرپشن کسی سے ’چھپی ہوئی بات نہیں‘ ہے اور اپنی بات کی وضاحت کے لیے انھوں نے سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کا حوالہ دیا، جنھیں 2011ء میں سپاٹ فکسنگ پر قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔



