زون 6 وائٹس نے ٹچ می ٹرافی انڈر 15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2026ء) زون 6 وائٹس نے زون 2 وائٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ٹچ می ٹرافی انڈر 15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔کے سی سی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2026ء) زون 6 وائٹس نے زون 2 وائٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ٹچ می ٹرافی انڈر 15 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں زون 2 وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز بنائے۔ عاطف نے 25، محمد امام نے 22، یونس نے 20، انس آفریدی نے 23 جبکہ خوزیمہ سلال نے 24 رنز بنائے۔ زون 6 وائٹس کی جانب سے یونس، انس آفریدی اور خوزیمہ سلال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں زون 6 وائٹس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ آیش ملک نے 6 چوکوں کی مدد سے 48 جبکہ فیصل قربان نے 3 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی میڈی کیم گروپ آف کمپنیز کے گروپ میڈیا منیجر جاوید اختر کیانی نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے میڈی کیم گروپ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔آر سی اے کراچی کے سیکریٹری علی حسین نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو اسپانسر کرنے پر میڈی کیم گروپ اور جنید خلیل نینی تال والا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔آر سی اے کراچی کے جوائنٹ سیکریٹری محمد توصیف صدیقی نے شرکا کو ٹورنامنٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ کوآرڈینیٹر اعظم خان نے زون 6 وائٹس اور زون 2 وائٹس کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ندیم عمر کی قیادت میں کراچی میں گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر جاوید اختر کیانی اور علی حسین نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ ونر ٹرافی زون 6 وائٹس کے کپتان آیش ملک جبکہ رنر اپ ٹرافی زون 2 وائٹس کے کپتان محمد امام نے وصول کی۔ بہترین بیٹسمین اور فائنل کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ آیش ملک جبکہ بہترین بالر کا ایوارڈ یاسر اسلم نے حاصل کیا۔ تقریب میں چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی خالد نفیس، اسسٹنٹ سیکریٹریز سید محمد احمد نقوی اور محمد ریحان صدیقی سمیت نصرت اللہ خان، ظفر خان، صائم احمد، ضامن علی، نوشاد احمد خان، محمد نظام، اقبال خان، ماجد خان، امیر الدین انصاری، خالد عباسی، زیب اقبال، نوید الامین، صغیر احمد، طارق حفیظ، اعجاز پچی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔



