ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) چین کے 19 سالہ تیراک ژانگ ژین شو نے ایشین گیمز میں 800 میٹر فری سٹائل تیراکی مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے 5 واں گولڈ میڈل جیت لیا۔شنہوا کے مطابق ایشین گیمز میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاپان میں جاری ہے جس میں شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ چین کے تیراک ژانگ ژین شو نے جمعرات کو آئچی ناگویا ایشین گیمز کے دوران ٹوکیو ایکواٹکس سینٹر میں مردوں کے 800 میٹر فری سٹائل مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک اور طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس تازہ ترین کامیابی کے بعد جاری گیمز میں ژانگ ژین شو کے گولڈ میڈلز کی مجموعی تعداد 5 ہو گئی ہے۔ اس سے قبل وہ 200 میٹر فری سٹائل نئے ایشیائی ریکارڈ کے ساتھ جیتنے کے علاوہ 1500 میٹر فری سٹائل، اور 4x200 میٹر فری سٹائل ریلے (ایشین ریکارڈ 7:00.17 کے ساتھ) اور 4x100 میٹر میڈلے ریلے میں بھی چین کے لیے گولڈ میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔