کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) ایوب سپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں کھیلوں کی رونقیں بحال ہو گئیں، جہاں چھٹے آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا روایتی جوش و خروش سے آغاز ہو ا۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 81 نامور ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بلوچ کلب نوشکی نے افغان کلب چمن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ماہی گیری حاجی برکت رند تھے جبکہ سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ اور ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی سمیت اہم سپورٹس شخصیات نے بھی شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے، رنر اپ کو 15 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔