آئی پی ایل میں پانچ میچ فکس کیے، سابق کرکٹر کا دعویٰ
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2026ء ) سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رچت بھاٹیا نے آئی پی ایل 2025 میں میچ فکسنگ کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر رچت بھاٹیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2026ء ) سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رچت بھاٹیا نے آئی پی ایل 2025 میں میچ فکسنگ کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر رچت بھاٹیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی پی ایل 2025ء کے پانچ میچ فکسنگ کیے تھے اور فی میچ 60 لاکھ روپے معاوضہ بھی لیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے تہلکہ کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کی خفیہ کیمرہ تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل 2025ء کے دوران ٹیموں کی پلیئنگ الیون سے متعلق معلومات مبینہ طور پر لندن میں موجود سٹے بازوں تک پہنچائی جاتی رہیں۔ رپورٹ میں رچت بھاٹیہ کا نام سامنے آیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر چنئی سپر کنگز کی ٹیم سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے عوض فی میچ 60 لاکھ روپے لینے کا اعتراف کیا۔ سابق کرکٹر نے گزشتہ دسمبر میں رپورٹرز کو میچ فکسنگ کی سرگرمیوں اور اپنے کردار سے آگاہ کیا۔ تہلکہ کے مطابق یہ معلومات اسنیپ چیٹ کے ذریعے لندن میں موجود بکیز تک پہنچائی جاتی تھیں اور پانچ میچز سے مبینہ طور پر تقریباً 3 کروڑ روپے حاصل کیے گئے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ معلومات فراہم کرنے والا کھلاڑی ایک نوجوان وکٹ کیپر بیٹر تھا جس کی شناخت بعد میں کرکٹ صحافی پرتیش ہلدر نے ایکس پر ونش بیدی کے طور پر کی۔ بیدی کو چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل 2025ء کی نیلامی میں 55 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ تہلکہ کی رپورٹ میں بھاٹیہ کے حوالے سے 19-2018ء کے سید مشتاق علی ٹرافی میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ کرکٹر نے اعتراف کیا کہ سٹے بازوں سے رقم لینے کے عوض جان بوجھ کر دو گیندیں وائیڈ کرائیں۔ ایک وائیڈ گیند کے آٹھ لاکھ روپے طے ہوئے تھے جبکہ رانجی ٹرافی کی ایک ٹیم میں جگہ یقینی بنانے کے لیے رشوت دی تھی۔ بعد ازاں مبینہ سرگرمیوں کا دائرہ دہلی پریمیئر لیگ تک پھیلنے کا بھی دعویٰ سامنے آیا جہاں پلیئنگ الیون کی معلومات کے عوض فی میچ 40 لاکھ روپے کی رقم کا ذکر کیا گیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان الزامات پر تاحال کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا ہے۔



