سانو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2026ء ) بھارت کمزور ترین حریف جاپان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں شکست سے بال بال بچ گیا، دھونس اور دھمکی سے آخری اوور میں آن فیلڈ امپائر کا وائیڈ بال کا فیصلہ بھی واپس کروا لیا۔ جاپان کے شہر سانو میں بارش کے باعث 5 اوورز فی اننگز تک محدود واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب ابھیشیک شرما پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اوور میں دوسرے اوپنر سنجو سیمسن بھی 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔ مضبوط بیٹنگ لائن رکھنے والی بھارتی ٹیم نے مقررہ 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر بہ مشکل 32 رنز بنائے۔ حیران کن طور پر بھارتی ٹیم کی اننگز میں صرف دو چوکے لگے جبکہ جاپانی بولرز نے بھارتی بیٹرز کو ایک بھی چھکا نہیں لگانے دیا۔ کپتان شریاس ایئر 16 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ایشان کشن 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جاپان کی جانب سے چارلی ہارا ہنزے نے 2 جبکہ ابراہیم تاکاہاشی اور بینجمن ایتو ڈیوس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جاپان کی ٹیم مقررہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز بناکر ہدف کے تعاقب میں صرف 2 رنز سے ناکام رہی۔ Japan nearly pull off a stunning win... India prevail by two runs in Sano pic.twitter.com/AuYelVqSE1— Cricinfo (@cricinfo) September 22, 2026 کپتان فلیمنگ 12، ابراہیم تاکاہاشی 4 اور یماموٹو لیک ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بینجمن ایتو ڈیوس 9 اور شرائی پیٹمور 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں آخری اوور میں بھارتی سپنر اکشر پٹیل کی بال پر جاپانی بیٹر نے ریورس سویپ کھیلنے کی کوشش کی تاہم انہیں ناکامی ہوئی جس پر امپائر اس گیند کو وائڈ بال قرار دیا۔ بھارتی ٹیم کو یہ فیصلہ پسند نہیں آیا اور اس نے آن فیلڈ امپائرز پر پریشر ڈال کر اس فیصلے کو واپس کروا لیا۔ pic.twitter.com/cMBkzEI3J7— Ben Gardner (@Ben_Wisden) September 22, 2026 سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کی اس حرکت کیخلاف سخت ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے اور ایک صارف نے لکھا کہ ”امپائرز کا بغیر کسی ریویو یا ری پلے کے 'وائیڈ' (wide) کے فیصلے کو محض اس لیے بدل دینا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے ایسا کرنے کا کہا تھا، کتنی گری ہوئی حرکت ہے۔ یہ جاپان سے ہارنے سے بھی زیادہ شرمناک بات ہے۔“