کراچی کے 74 اسکولوں میں ہاکی کٹس تقسیم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گراس روٹ لیول پر ہاکی کے فروغ کیلئے کراچی ڈویژن کے 74 اسکولوں کے طلبہ و طالبات میں ہاکی کٹس کی تقسیم شروع کردی۔این جے وی اسکول میں م

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گراس روٹ لیول پر ہاکی کے فروغ کیلئے کراچی ڈویژن کے 74 اسکولوں کے طلبہ و طالبات میں ہاکی کٹس کی تقسیم شروع کردی۔این جے وی اسکول میں منعقدہ تقریب میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی کے ہمراہ اسکول کے طلبہ میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ حکومت ہاکی کے وقار کی بحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، اسکولوں کی سطح پر بچوں کو ہاکی سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا پی ایچ ایف کی درست سمت میں اہم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کٹس کی فراہمی سے بچوں میں کھیل کا شوق اجاگر ہوگا اور ملک میں قومی کھیل کے فروغ میں مدد ملے گی، ان اقدامات کے ذریعے مستقبل میں ماضی کی طرح بہترین کھلاڑی سامنے آنے کی امید ہے۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے بتایا کہ ہر اسکول کی ٹیم کیلئے 8 ہاکی کٹس فراہم کی جارہی ہیں جبکہ مجموعی طور پر کراچی ڈویڑن کے 74 اسکولوں کو کٹس دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک بھر میں بچوں کو مجموعی طور پر 1600 ہاکی کٹس فراہم کرے گی۔محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے، اسکولوں کی سطح پر کھیل کو فروغ دینے سے مستقبل میں قومی ٹیم کیلئے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو، این جے وی اسکول کی پرنسپل رخسانہ منگی، سابق اولمپیئن سمیع اللہ، وسیم فیروز، حسن سردار، ناصر علی، گلفراز خان، ایاز محمود اور دیگر نامور ہاکی کھلاڑی بھی موجود تھے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں ہاکی کی سرگرمیاں جلد بحال کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے اقدامات کررہے ہیں، مختلف کھیلوں کے ویران میدان بحال کیے گئے ہیں جبکہ بہتر پچز اور کورٹس کی تعمیر سے کھیلوں کا معیار بلند کیا جائے گا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی انتظامیہ اسکول کے بچوں کی تعلیمی و جسمانی نشوونما کے ساتھ انسداد پولیو کیلئے بھی بھرپور اقدامات کررہی ہے۔



