لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2026ء) پاکستان انڈر 19کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے اظہارِ تشکر کیا ہے ۔ شاہد انور نے کہا کہ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19کھلاڑیوں کو مدعو کیا، چیئرمین پی سی بی نے انڈر 19کھلاڑیوں سے انفرادی ملاقاتیں کیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، انڈر 19کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجراء خوش آئند ہے، سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کی ترغیب ملے گی، اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے نوجوان کرکٹرز کا اعتماد بڑھتا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی حوصلہ افزائی کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے لیے باعثِ تقویت ہے ۔ پاکستان انڈر 19 کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں انڈر 19ڈیولپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا، گزشتہ دو برسوں میں ملتان میں انڈر 19 کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات ہمارے لیے حوصلہ افزا رہی، انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا ہمارے لیے باعثِ خوشی ہے۔ عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ سے کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا، سینٹرل کنٹریکٹ سے نوجوان کھلاڑی اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔ جہانگیر بلال نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ سے ہم اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔رضوان اللہ نے کہا کہ اس تاریخی اقدام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے شکر گزار ہیں، انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ہمارے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔