سات اقسام کی ہائبرڈ گاڑیوں کو الیکٹرک وہیکلز کا درجہ، کسٹمز کلیئرنس شروع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2026ء) پاکستان کسٹمز نے نسان نوٹ اور ٹویوٹا ریز سمیت سات اقسام کی درآمدی رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکلز (آر ای ای ویز) کو باضابطہ طور پر الیکٹرک گاڑیوں کی کیٹیگری

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2026ء) پاکستان کسٹمز نے نسان نوٹ اور ٹویوٹا ریز سمیت سات اقسام کی درآمدی رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکلز (آر ای ای ویز) کو باضابطہ طور پر الیکٹرک گاڑیوں کی کیٹیگری میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد بندرگاہوں پر ان گاڑیوں کی کلیئرنس کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ اس فیصلے سے درآمد کنندگان کو ریلیف ملنے اور نئی آٹو پالیسی 2026-31 کے تحت ان گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کراچی کی جانب سے 21 نومبر کو جاری کردہ مراسلہ نمبر C-76/KAPE/DC-PCT/2026 کے تحت نسان ککس، نسان ایکس ٹریل، نسان نوٹ اورا، نسان سیرینا، ڈائی ہاٹسو راکی، ٹویوٹا ریزز اور سبارو ریکس کو الیکٹرک گاڑیوں کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ان گاڑیوں کو الیکٹرک وہیکلز کی درجہ بندی میں برقرار رکھا ہے، کیونکہ ان کے پہیے مکمل طور پر الیکٹرک موٹر کے ذریعے حرکت کرتے ہیں۔ کسٹمز کی درجہ بندی کمیٹی نے گاڑیوں کے تکنیکی ڈیزائن کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ ان میں نصب اندرونی احتراقی انجن (انٹرنل کمبسشن انجن) پہیوں سے میکینکی طور پر منسلک نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی صورت براہِ راست پہیوں کو طاقت فراہم کرتا ہے۔کمیٹی کے مطابق ان گاڑیوں میں موجود پیٹرول انجن صرف بجلی پیدا کرنے والے جنریٹر کے طور پر کام کرتا ہے، جبکہ گاڑی کو چلانے اور آگے بڑھانے کی ذمہ داری مکمل طور پر الیکٹرک ٹریکشن موٹر انجام دیتی ہے۔ اسی تکنیکی بنیاد پر ان گاڑیوں کو کسٹمز ٹیرف ہیڈنگ پی سی ٹی 8703.8090 کے تحت رکھا گیا ہے، جو صرف الیکٹرک موٹر سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے مختص ہے۔حکام کے مطابق یہی اصول رواں سال 2 فروری کو جاری کیے گئے پبلک نوٹس نمبر 02/2026 میں بھی طے کیا گیا تھا، جس کے تحت ڈیپال ایس 05 اور فورتھنگ فرائیڈے جیسی رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں کو بھی الیکٹرک وہیکلز قرار دیا گیا تھا۔ یہ پیش رفت ٹویوٹا کی مقامی اسمبلر کمپنی انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے مذکورہ پبلک نوٹس کے خلاف ایف بی آر کے ممبر کسٹمز پالیسی کے روبرو دائر اپیل مسترد ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ ایف بی آر نے اپیل مسترد کرتے ہوئے رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں کو الیکٹرک وہیکلز کی کیٹیگری میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔اس فیصلے سے استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرنے والے تاجروں کو بھی ریلیف ملنے کی توقع ہے، جنہیں ٹویوٹا ریز اور نسان نوٹ سمیت دیگر گاڑیوں کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر اور بھاری جرمانوں کا سامنا تھا۔ نئی درجہ بندی کے بعد بندرگاہوں پر ان گاڑیوں کی کلیئرنس کا عمل شروع ہونے سے درآمد کنندگان کو درپیش مشکلات کم ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب اس فیصلے سے مقامی آٹو اسمبلرز اور سرمایہ کاروں کے لیے بھی رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق قواعد واضح ہوگئے ہیں، جس سے مستقبل میں ایسی گاڑیوں کی تیاری، درآمد اور مارکیٹ میں تعارف کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ نئی آٹو پالیسی 2026-31 کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی درجہ بندی اور متعلقہ مراعات کے اطلاق سے صارفین کو بھی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔



