لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2026ء) مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی اور سمندری راستوں کی بندش کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے توانائی کی عالمی رسد متاثر ہوئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ توانائی نے بتایا کہ آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت محدود ہونے کے باعث یورپ اور ایشیا کے درآمد کنندہ ممالک کو متبادل ذرائع تلاش کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکام نے کہا کہ ہنگامی ذخائر کے استعمال اور متبادل پائپ لائنوں کے ذریعے رسد برقرار رکھنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔