کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2026ء) ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں امریکی ڈالر، سعودی ریال، متحدہ عرب امارات کے درہم اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت گزشتہ چند ماہ کے دوران نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔سینٹرل بینک آف ایران ( سی بی آئی) کی جانب سے 19 نومبر 2026 کے لیے جاری کردہ سرکاری شرحِ تبادلہ کے مطابق مختلف کرنسیوں کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر کی شرحِ تبادلہ 19 نومبر کو 19 لاکھ 36 ہزار 329 ایرانی ریال مقرر کی گئی، جبکہ 18 نومبر کو یہ شرح 19 لاکھ 32 ہزار 464 ریال تھی۔اسی طرح سعودی ریال کی شرح 5 لاکھ 15 ہزار 324 ریال سے بڑھ کر 5 لاکھ 16 ہزار 354 ریال ہوگئی، جبکہ متحدہ عرب امارات کے درہم کی شرح 5 لاکھ 26 ہزار 199 ریال سے بڑھ کر 5 لاکھ 27 ہزار 251 ریال ریکارڈ کی گئی۔ پاکستانی روپے کے مقابلے میں بھی ایرانی ریال کی سرکاری قدر میں معمولی اضافہ ہوا۔ ایرانی مرکزی بینک کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی شرحِ تبادلہ 7 لاکھ 140 ایرانی ریال مقرر کی گئی، جو ایک روز قبل 6 لاکھ 98 ہزار 900 ریال تھی۔ اس حساب سے ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 7 ہزار 1 ایرانی ریال کے برابر ہے۔دوسری جانب پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کے نرخ مختلف ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کا پیکٹ 5 ہزار سے 6 ہزار پاکستانی روپے میں خریدا اور فروخت کیا جارہا ہے، جبکہ رواں سال اپریل میں یہی پیکٹ 8 ہزار سے 10 ہزار روپے تک میں دستیاب تھا۔رپورٹ کے مطابق جنگ دوبارہ شروع ہونے کے بعد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان میں ایرانی ریال خریدنے کے رجحان میں بھی کمی آئی ہے۔ یوں ایرانی مرکزی بینک کی سرکاری شرحِ تبادلہ اور پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں رائج نرخوں کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے۔