مادھوری ڈکشٹ کے شوہر شاہ رخ اور سلمان خان کو پہچان نہیں سکے، پرانا واقعہ پھر زیر بحث
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2026ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 1999 میں اپنی شادی کی استقبالیہ تقریب کے دوران شاہ رخ خان اور سلمان خ

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2026ء) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر ڈاکٹر شری رام نینے نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 1999 میں اپنی شادی کی استقبالیہ تقریب کے دوران شاہ رخ خان اور سلمان خان سمیت متعدد معروف فلمی ستاروں کو پہچان نہیں سکے تھے۔ ان کا یہ دلچسپ انکشاف فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان کی مادھوری اور ڈاکٹر نینے کے گھر آمد کے دوران سامنے آیا، جس کے بعد بالی ووڈ کے مداحوں میں اس واقعے پر دوبارہ گفتگو شروع ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فرح خان اپنے کھانا پکانے سے متعلق وی لاگ کے لیے مادھوری دکشت کے گھر پہنچی تھیں، جہاں گفتگو کے دوران ڈاکٹر نینے نے اپنی شادی کی تقریب کی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ زیادہ تر فلمی شخصیات سے واقف نہیں تھے اور تقریب میں صرف امیتابھ بچن کو پہچانتے تھے، کیونکہ انہوں نے ان کی فلم ’’امر اکبر انتھونی‘‘ دیکھی تھی۔ ڈاکٹر نینے کے مطابق وہ امریکا میں پلے بڑھے تھے اور لاس اینجلس میں رہائش کے دوران ہندی فلمیں نہیں دیکھتے تھے، اس لیے مادھوری دکشت کی مقبولیت اور بالی ووڈ کے بڑے ستاروں سے ان کی واقفیت محدود تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی دلچسپی اسٹیون اسپیلبرگ، جارج لوکاس اور ’’اسٹار وارز‘‘ جیسی فلموں میں تھی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مادھوری سے ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور تقریباً تین ماہ کی ملاقاتوں کے بعد انہوں نے شادی کی پیشکش کردی۔ مادھوری دکشت اور ڈاکٹر شری رام نینے کی شادی 17 اکتوبر 1999 کو ہوئی تھی۔ شادی کے بعد اداکارہ امریکا منتقل ہوگئی تھیں اور کچھ عرصے کے لیے فلمی سرگرمیوں سے وقفہ لیا تھا۔یہ واقعہ اس اعتبار سے بھی دلچسپ ہے کہ مادھوری دکشت نوے کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں، تاہم ان کے شوہر کا فلمی دنیا سے ناواقف ہونا اب مداحوں کے لیے ایک غیر معمولی اور دلچسپ قصہ بن گیا ہے۔



